مسعود اختر

پاکستان کے معروف اداکار مسعود اختر کی پیدائش 5 ستمبر 1939ء کو ضلع منٹگمری (ساہیوال) میں ہوئی انہوں نے ابتدائی تعلیم ساہیوال میں حاصل کی، پھر بینک کی ملازمت کے ساتھ ایل ایل بی بھی کیا۔
پروفیشنل زندگی کا آغاز انھوں نے لاہور میں ریڈیو پاکستان سے کیا۔ 1960 کی دہائی میں تھیٹر سے شہرت حاصل کی۔پاکستان ٹیلی وژن کے متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کی۔1968ء میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔
ان کی پہلی معروف فلم “سنگدل” تھی۔انہوں نے “درد”، “دوسری ماں”، “آنسو”، “تیری صورت میری آنکھیں”، “جاپانی گڈی”، “گھرانہ”، “میرا نام محبت” اور “انتخاب” جیسی کئی فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔ وہ ہیرو کے ساتھ ساتھ ولن کے کرداروں میں بھی بے حد مقبول رہے۔
حکومتِ پاکستان نے ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں “تمغۂ حسنِ کارکردگی” سے نوازا۔
مسعود اختر 5 مارچ 2022ء کو لاہور میں 82 برس کی عمر میں فوت ہوئے، ایک باوقار اداکار کے طور پر مسعود اختر حقیقی طور پر شانِ ساہیوال اور شانِ پاکستان تھے۔


