شانِ ساہیوال
حاجی بشیر احمد بشیر — شانِ ساہیوال

حاجی بشیر احمد بشیر اردو کے معروف شاعر اور ساہیوال کی ادبی تاریخ کی اہم شخصیت تھے۔ ان کا اصل نام بشیر احمد اور تخلص بشیر تھا۔ وہ 8 مارچ 1922ء کو سرگودھا میں پیدا ہوئے اور بعد ازاں اپنے خاندان کے ساتھ مونٹگمری، موجودہ ساہیوال، کے چک 82/6R میں آ بسے۔
انہوں نے گورنمنٹ ہائی اسکول مونٹگمری اور گورنمنٹ ڈگری کالج لائل پور سے تعلیم حاصل کی۔ علم و ادب کے لیے ان کی زندگی وقف رہی۔ ساہیوال کی ادبی محفلوں میں وہ مجید امجد، ناصر شہزاد، جعفر شیرازی اور گوہر ہوشیارپوری جیسے اہل قلم کے ساتھ شریک رہے۔
ان کا شعری مجموعہ قوسِ خیال 1976ء میں مکتبہ فنون لاہور سے شائع ہوا۔ ان کی غزل میں ادبی، فکری اور فلسفیانہ موضوعات نمایاں ہیں۔ حاجی بشیر احمد بشیر 22 جون 2002ء کو وفات پا گئے، مگر ساہیوال کے ادبی ورثے میں ان کا نام آج بھی زندہ ہے۔


