طارق فرید — شانِ ساہیوال

سلسلہ شانِ ساہیوال میں آج کی شخصیت ہیں معروف بزنس مین جناب طارق فرید!
دنیا بھر میں تازہ پھلوں کو خوبصورت پھولوں کے گلدستوں کی شکل میں پیش کرنے کا منفرد کاروباری تصور متعارف کرانے والے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت طارق فرید کا تعلق ضلع ساہیوال کے ایک دیہی علاقے سے ہے۔ وہ معروف عالمی برانڈ Edible Arrangements کے بانی ہیں، جس نے پھلوں کو تحفے کی ایک نئی اور منفرد شکل دے کر دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔
طارق فرید 1969ء کو ساہیوال کے نواحی گاؤں چک نمبر 86/6R میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد غلام فرید اور والدہ کا نام سلمیٰ خاتون تھا۔ آرائیں فیملی سے تعلق رکھنے والے اس سپوت کے دادا مہر امیرالدین اور پردادا مہر خیرالدین گاؤں کے نمبردار رہ چکے تھے۔ طارق فرید کے والد غلام فرید 1978ء میں امریکہ گئے، جہاں انہوں نے مختلف ملازمتیں کرکے اپنے خاندان کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھی اور تقریباً دو سال بعد اہلِ خانہ کو بھی امریکہ بلا لیا۔
طارق فرید اس وقت تقریباً 11 برس کے تھے جب 1981ء میں وہ اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ پہنچے اور کنیکٹی کٹ کے شہر West Haven میں سکونت اختیار کی۔ انہوں نے نوعمری میں ہی کام شروع کردیا اور McDonald's میں ملازمت بھی کی۔ اگرچہ ان کی رسمی تعلیم ہائی اسکول تک رہی، تاہم بعد میں انہوں نے Albertus Magnus College میں تعلیم حاصل کی اور 2015ء میں Harvard Business School کے Executive Education پروگرام میں بھی شرکت کی۔
کاروباری دنیا میں طارق فرید کا سفر انتہائی کم عمری میں شروع ہوا۔ تقریباً 16 یا 17 برس کی عمر میں انہوں نے East Haven، Connecticut میں تقریباً 5 ہزار ڈالر کے قرض سے ایک چھوٹی سی پھولوں کی دکان خریدی، جس کا نام Farid's Flowers رکھا۔ ان کی والدہ بھی اس کاروبار میں ان کا ہاتھ بٹاتی تھیں۔ چند برسوں میں ایک دکان چار پھولوں کی دکانوں میں تبدیل ہوگئی۔
پھولوں کے کاروبار کے دوران طارق فرید کے ذہن میں ایک منفرد خیال آیا کہ تازہ پھلوں کو خوبصورتی سے کاٹ کر پھولوں کے گلدستوں کی طرح سجایا جائے۔ ابتدا میں اس نئے تصور کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا گیا اور انہیں مالی معاونت حاصل کرنے میں بھی مشکلات پیش آئیں، لیکن ان کی والدہ نے اس خیال کی حوصلہ افزائی کی۔ بالآخر 1999ء میں East Haven میں پہلا Edible Arrangements اسٹور قائم ہوا۔ طارق فرید نے اپنے بھائی کامران فرید کے ساتھ مل کر اس کاروبار کو آگے بڑھایا۔ پہلے ہی دن 30 آرڈرز موصول ہوئے اور پہلے سال ہی کاروبار منافع میں آگیا۔
اس کامیابی کے بعد کمپنی نے فرنچائزنگ کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے Edible Arrangements امریکہ سے نکل کر دنیا کے مختلف ممالک تک پھیل گیا۔ کمپنی بعد میں Edible کے نام سے ری برانڈ ہوئی اور پھلوں کے گلدستوں کے ساتھ ساتھ چاکلیٹس، بیکری مصنوعات، پھولوں اور دیگر تحائف کے شعبے میں بھی داخل ہوگئی۔ طارق فرید نے Netsolace سمیت دیگر کاروباری منصوبوں میں بھی کردار ادا کیا۔
کامیابی کے باوجود طارق فرید نے اپنی جڑوں کو نہیں بھلایا۔ انہوں نے اپنے والدین کی یاد میں فلاحی کاموں کو بھی فروغ دیا۔ Tariq Farid Foundation کے ذریعے تعلیم، صحت اور ضرورت مند افراد کے لیے کام کیا جاتا ہے، جبکہ ان کی والدہ سلمیٰ خاتون کے نام سے قائم Salma Khatoon Foundation چک 86/6R، ساہیوال میں صحت، صاف پانی اور دیگر فلاحی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جہاں سلمیٰ خاتون ہیلتھ کیئر سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔
طارق فرید جیسے ذہین لوگ ساہیوال کے لیے باعثِ فخر اور شانِ ساہیوال ہیں۔

