شانِ ساہیوال

صبیحہ صبا — شانِ ساہیوال

صبیحہ صبا — شانِ ساہیوال

سلسلہ شانِ ساہیوال میں آج کی شخصیت ہیں معروف شاعرہ محترمہ صبیحہ صبا!


صبیحہ صبا ساہیوال سے تعلق رکھنے والی معروف اردو شاعرہ اور ادبی شخصیت ہیں۔ ان کا اصل نام صبیحہ سلطانہ ہے اور وہ 28 اکتوبر 1950ء کو ساہیوال میں پیدا ہوئیں۔


اردو شاعری میں انھوں نے اپنا ایک خاص مقام پیدا کیا۔ ان کے کلام میں محبت، یاد، تنہائی، زندگی اور انسانی جذبات کی عکاسی ملتی ہے۔ ان کی شاعری کا انداز سادہ، رواں اور دل نشیں ہے۔


صبیحہ صبا کی معروف کتابیں:


چشمِ ستارہ شمار،

لفظوں کا شہر،

تری صدا آئی،

لفظ بنے تصویر،

تخیل اور دلِ درد آشنا


ان کا شعری مجموعہ چشمِ ستارہ شمار 1992ء میں شائع ہوا۔صبیحہ صبا کی ادبی خدمات صرف شاعری تک محدود نہیں۔ انہوں نے بیرونِ ملک اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے بھی اہم کام کیا۔ سن 2000ء میں متحدہ عرب امارات میں انہوں نے اردو منزل کے نام سے ادبی ویب سائٹ قائم کی، جس کے ذریعے شعرا اور ادبا کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا گیا اور مشاعروں و ادبی نشستوں کو فروغ ملا۔


اردو منزل کے ذریعے صبیحہ صبا نے مختلف ممالک میں اردو ادب سے وابستہ لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کردار ادا کیا۔ ان کی ادبی خدمات کو ساہیوال کے ادبی حلقوں میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا اور ان کے اعزاز میں مختلف تقریبات منعقد ہوئیں۔


صبیحہ صبا کی شاعری اور اردو زبان کے لیے خدمات نے ادبی حلقوں میں ان کے نام کو پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک ادبی بھی نمایاں کیا۔


صبیحہ صبا ساہیوال کی ان ادبی شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے اپنے فن اور خدمات سے اپنے شہر اور اردو زبان دونوں کا نام روشن کیا۔ ان کا نمونہ کلام ملاحظہ ہو:


بظاہر رونقوں میں، بزم آرائی میں جیتے ہیں

حقیقت ہے، کہ ہم تنہا ہیں تنہائی میں جیتے ہیں