ائیر مارشل (ر) شاہد لطیف

ساہیوال ٹائمز کے سلسلہ "شانِ ساہیوال" میں آج کی شخصیت ہیں ائیر مارشل (ر) شاہد لطیف!
ائیر مارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف پاکستان ائیر فورس کے ممتاز فائٹر پائلٹ، دفاعی ماہر اور قومی سطح کے معروف تجزیہ کار ہیں۔ ان کا تعلق ضلع ساہیوال سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کے بعد پاکستان ائیر فورس کے تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی اور پھر 1971ء پاکستان ائیر فورس میں شمولیت اختیار کی۔
شاہد لطیف صاحب نے 1974ء میں جنرل ڈیوٹی پائلٹ برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ دورانِ تربیت اپنی اعلیٰ کارکردگی کی وجہ سے انہوں نے نمایاں اعزازات حاصل کیے۔ انہوں نے F-6، میراج اور F-16 جیسے اہم جنگی طیارے اڑائے۔ انہیں ان اولین پاکستانی پائلٹس میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے F-16 طیارے کی تربیت حاصل کی اور پاکستان ائیر فورس میں جدید فائٹر ایوی ایشن کے فروغ میں کردار ادا کیا۔
ائیر مارشل شاہد لطیف کی پیشہ ورانہ زندگی کا ایک نہایت اہم باب جے ایف-17 تھنڈر منصوبہ ہے۔ انہوں نے اس قومی دفاعی منصوبے میں انتہائی اہم خدمات انجام دیں۔ وہ کئی سال تک جے ایف-17 پروگرام سے وابستہ رہے، پہلے ڈپٹین کی نگرانی اور محنت سے یہ منصوبہ آگے بڑھا اور پاکستان کو ایک جدید، کم خرچ اور قابل اعتماد لڑاکا طیارہ تیار کرنے میں بڑی کامیابی ملی۔ جے ایف-17 تھنڈر پاکستان اور چین کے دفاعی تعاون کی ایک شاندار مثال ہے، اور اس منصوبے میں شاہد لطیف کی خدمات کو پاکستان ائیر فورس کی تاریخ میں نمایاں مقام حاصل ہے۔
اپنے کیریئر کے دوران وہ ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف آپریشنز اور پھر وائس چیف آف دی ائیر اسٹاف جیسے اہم عہدوں پر فائز رہے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلالِ امتیاز ملٹری، ستارۂ امتیاز ملٹری اور ستارۂ بسالت جیسے اعزازات سے نوازا گیا۔
ریٹائرمنٹ کے بعد ائیر مارشل شاہد لطیف دفاعی تجزیہ کار کے طور پر قومی سلامتی، پاک فضائیہ اور دفاعی پالیسیوں پر اپنی رائے پیش کرتے رہے۔ ان کی زندگی محنت، نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن سے محبت کی روشن مثال ہے۔



